اس ہفتے برطانوی عوام طویل ترین حکمرانی کرنے والی ملکہ الزبیتھ دوئم کی 90 سالہ شاندار زندگی کا جشن منا رہی ہے۔
ہفتے کے روز دارالحکومت لندن کی سڑکوں پر ہزاروں لوگ ملکہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے، جو انتہائی جوش و خروش کے ساتھ بلند آوازوں میں اپنی محبوب ملکہ کو اس سنگ میل سالگرہ کی مبارکباد دے رہے تھے۔
اس یادگار تقریب کے موقع پر شاہی محل کی بالکنی پر ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کے ساتھ پہلی مرتبہ ننھی شہزادی شارلے بھی جلوہ افروز ہوئیں۔ یہ شہزادی شارلے کی پیدائش کے بعد دوسرا موقع ہےجب برطانیہ کی نئی شہزادی کو اس طرح براہ راست عوام کے سامنے لایا گیا ہے۔
ملکہ الزبتھ دوئم کی سالگرہ کی تاریخ 21
اپریل ہے لیکن ہرسال ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی سرکاری تقریب کا اہتمام جون کے مہینے میں کیا جاتا ہے ۔
ملکہ عالیہ کی سالگرہ کی دو روزہ خصوصی تقریبات کا سرکاری افتتاح ہفتے کے دن لندن میں ہارس گارڈز پیریڈ کے مقام پر ایک روایتی فوجی تقریب کے ساتھ ہوا ۔
یہ تقریب ملکہ کی سالگرہ کی تقریبات کا ایک حصہ ہے جسے ملکہ کی سالگرہ کی پریڈ کے نام سے یاد رکھا جاتا ہے جس کا آغاز سنہ 1700 کے وسط میں ہوا جب پہلی مرتبہ اس پیریڈ کو شاہی سربراہ کی سالگرہ کے ساتھ مخصوص کر دیا گیا تھا۔
اپنی سالگرہ کی تقریب کے لیے ملکہ برطانیہ نے گہرے سبز رنگ کا لباس منتخب کیا تھا اور عمر کے اس حصے میں بھی وہ گہرے رنگ کے لباس میں بہت کھلی کھلی اور تر و تازہ نظر آرہی تھیں۔